پاکستان اور ترکی کےدرمیان برادرانہ تعلقات مضبوط شراکت داری میں تبدیل ہوگئےہیں:صدر

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط شراکت داری میں تبدیل ہوگئے ہیں۔
 انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں ترکی کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل یاسر گلر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
 صدر نے خاص طور پر اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر ترکی کی حمایت کو سراہا۔
 انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کےاقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کے لئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے ترکی کی طرف سے نیو کلیئر سپلائرز گروپ ، فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس  میں پاکستان کی حمایت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے بارے میں  اس موقف  کی تائید کو بھی سراہا۔
 جنرل یاسر گلر نے کہاکہ ترکی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نےامید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کریں گے۔
 اس سے پہلے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آج اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کے دوران ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل یاسر گلر کو نشان امتیاز(ملٹری) سے نوازا ۔

Comments