پاکستان کاکرہ ارض میں تنازعات کی روک تھام کے اقدامات پرزور

پاکستان نے اقوام متحدہ میں سیٹلائٹ شکن میزائل تجربات سے علاقائی اورعالمی استحکام کو درپیش خطرات پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے کرہ ارض میں تنازعات اوراسلحے کی نئی دوڑ کی روک تھام کے اقدامات پرزوردیاہے۔اس تشویش کااظہارپاکستانی مندوب حشام احمدنے جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ اوربین الاقوامی سلامتی کمیٹی میں خلائی امور کے حوالے سے ہونے والے مباحثے میں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے رواں سال کے آغاز میں جنوبی ایشیا میں کئے گئے میزائل شکن تجربات کی جانب توجہ مبذول کرائی اوربھارت کی جانب سے مشن شکتی کے نام سے کئے گئے میزائل شکن تجربے کابھی حوالہ دیا۔حشام احمد نے کہاکہ سیٹلائٹ شکن ہتھیاروں کے تجربات، تیاری اورتعیناتی کے باقاعدہ قانونی معاہدے کی غیرموجودگی میں دوسرے ممالک بھی ایسے خطرناک ہتھیاروں کی تیاری اورتجربات کی راہ اختیارکرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خلائی ہتھیاروں میں بیلسٹک میزائل شکن نظام اوراس کے ملحقہ آلات کی ممکنہ شمولیت سے اس معاملے کی سنگینی مزید بڑھ سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کرہ ارض ہمارامشترکہ ورثہ ہے اور پاکستان خلاء میں ہتھیاروں اوراسلحے کی دوڑ کاشدیدمخالف ہے۔پاکستانی مندوب نے کانفرنس پرزوردیاکہ وہ خلاء میں ہتھیاروں کی دوڑ کی روک تھام کے بارے میں جلداجلاس بلائے تاکہ خلاء کے استعمال کوقواعدوضوابط کے مطابق بنانے سے متعلق عالمی قوانین میں پائے جانے والی خلیج کے مسئلے کوجامع اندازمیں حل کیاجاسکے۔

Comments