کرتارپورراہداری علاقائی امن کے قیام کے حوالے سے پاکستان کے پختہ عزم کامنہ بولتاثبوت ہے:وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کرتارپورراہداری کاافتتاح علاقائی امن کے قیام کے حوالے سے پاکستان کے پختہ عزم کامنہ بولتاثبوت ہے۔انہوں نے کرتارپورراہداری کھولنے کے موقع پراپنے پیغام میں کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ خطے کی خوشحالی اورآنے والی نسلوں کاروشن مستقبل امن میں مضمرہے۔سرحد کے آرپاراوردنیابھرمیں مقیم سکھ برادری کواس تاریخی دن پرمبارکباددیتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ باباگورونانک دیوجی کے پانچ سوپچاسویں جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کیلئے راہداری کے افتتاح کی اہمیت مسلمان اپنے مذہبی مقامات کے تقدس کے حوالے سے بخوبی سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرتارپورراہداری کاافتتاح اس حقیقت کامظہرہے کہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے لئے ہمارے دل ہمیشہ کھلے ہیں جس کاحکم ہمیں ہمارے عظیم مذہب نے دیا ہے اور جس کاتصوربابائے قوم نے پیش کیاتھا۔وزیراعظم نے کہاکہ آج ہم محض سرحدہی نہیں بلکہ سکھ برادری کے لئے اپنے دلوں کو بھی کھول رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کے اس شاندارجذبہ خیرسگالی سے باباگورونانک دیوجی اور سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے لئے اس کے احترام کی عکاسی ہوتی ہے۔عمران خان نے کہاکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی اورپُرامن بقائے باہمی سے برصغیرکے لوگوں کے وسیع ترمفادات کے لئے کام کرنے کاموقع فراہم ہوگا۔

Comments