وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لئے موجودہ حکومت کے تحت بلدیاتی حکومت کے نظام سے نچلی سطح تک لوگ بااختیار بنیں گے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز میانوالی میں صحت، تعلیم، پانی اور مواصلاتی شعبوں میں متعدد فلاحی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی حکومت کے انتخابات آئندہ چند ماہ میں ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس نظام کے تحت صوبے میں مالیاتی کمیشن قائم کئے جائیں گے جو ضلع اور گاؤں کی سطح پر رقوم تقسیم کرینگے۔عمران خان نے کہا کہ غیرجماعتی بلدیاتی انتخابات دیہی علاقوں میں ہوںگے جو مقامی لوگوں کو صحت اور تعلیمی سہولتوں کی نگرانی کے لئے بااختیار بنائیں گے۔براہ راست انتخابات شہروں میں ہونگے جہاں ناظمین منتخب ہوںگے اور انہیں لوگوں کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے معاشی مسائل کے حوالے سے وزیراعظم نے عمران خان نے کہا کہ میری اقتصادی ٹیم کی پالیسیوں کے نتیجے میں اقتصادی اشاریے اک مثبت سمت پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ چار سال میں پہلی بار روپیہ مستحکم ہو گیا ہے اور حسابات جاریہ کا خسارہ کم ہو گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دراصل جو لوگ کنٹینرز پر کھڑے تھے وہ اقتصادی محاذ پر حکومت کی کامیابی سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے بھی خوفزدہ ہیں کہ ہم ان سے لوٹی ہوئی رقم بازیاب کرینگے۔
Comments
Post a Comment