عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے محکوم کشمیری بچوں کی آواز بنے:پاکستان

پاکستان  نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے محکوم کشمیری بچوں کی آواز بنے۔  دفتر خارجہ کے ترجمان نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں بھارت پر زور دیا کہ حالیہ غیر قانونی اور غیر انسانی پالیسیاں اور اقدامات فوری طور پر روک دے جو بچوں کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت اس کی اپنی ذمہ داریوں کے متصادم ہیں۔
 ترجمان نےکہا کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر کے بچوں کی حالت زار کو نہیں بھولنا چاہیے جو بھارتی  مظالم  کا سامنا کررہے ہیں۔ ترجمان نے پاکستان کے اس پختہ  عزم کا اعادہ کیا کہ ایسی پالیسیوں اور پروگراموں پر عمل کیا جائے گا جن سے پاکستان ہر بچے کے حقوق کے تحفظ اور فروغ اور انہیں بااختیار بنانے کےمواقع پیدا ہوں۔
 انہوں نے کہا کہ پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کےلئے اپنی عالمی اور ملکی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔   ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم آفس کے احاطے اور وزارت خارجہ امور کو بچوں کے حقوق کو پورا کرنے  کے عزم کے طور پر نیلے رنگ کی روشنی سے مزین کیا جارہا ہے۔

Comments