فن لینڈ کی 34 سالہ ثانا میرن دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بن گئیں



یورپی ممالک ناروے اور سویڈن کے پڑوسی ملک فن لینڈ کی 34 سالہ سیاستدان ثانا میرن دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بن گئیں۔ ثانا میرن جہاں دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بنی ہیں، وہیں وہ فن لینڈ کی اب تک بننے والی تیسری خاتون وزیر اعظم بھی بنی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہےکہ ثانا میرن پہلی بار فن لینڈ کی 5 سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے بننے والی حکومت کے تحت وزیر اعظم بنی ہیں اور اس اتحاد میں شامل پانچوں سیاسی جماعتوں کی سربراہی خواتین کے پاس ہے۔


34 سالہ ثانا میرن کا تعلق فن لینڈ کی معروف سیاسی جماعت ’سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس ڈی پی) سے ہے اور وہ گزشتہ ہفتے مستعفیٰ ہونے والے وزیر اعظم اینتی رینے کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کے بعد وزیر اعظم بنی ہیں۔ خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی اعلیٰ کونسل میں شامل 32 ارکان میں سے 29 ارکان نے 34 سالہ خاتون کو وزیر اعظم بنانے کے لیے ووٹ دیا۔

ثانا میری سے قبل بھی اسی سیاسی جماعت کے اینتی رینے وزیر اعظم تھے اور اس جماعت کو رواں برس اپریل میں ہونے والے انتخابات میں سب سے زیادہ اکثریت حاصل تھی۔ ایس ڈی پی نے دیگر 4 سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تھی، تاہم فن لینڈ میں کئی ہفتوں سے محکمہ پوسٹل کے ملازمین کے شدید احتجاجوں کی وجہ سے اینتی رینے کو وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔

اینتی رینے کے استعفیٰ کے بعد سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے دیگر سیاستدان بھی وزیر اعظم کے امیدوار تھے، تاہم زیادہ تر کونسل ارکان نے ثانا میرن کو ووٹ دے کر نیا وزیر اعظم منتخب کرلیا۔ ثانا میرن 34 برس کی عمر میں وزارت عظمیٰ سنبھالنے والی پہلی وزیر اعظم بن گئی ہیں، دوسرے کم عمر ترین وزیر اعظم کا درجہ یوکرین کے وزیر اعظم 35 سالہ اولکسے ہونچارک کے پاس ہے جب کہ تیسری کم عمر ترین وزیر اعظم نیوزی لینڈ کی 39 سالہ جینسڈا آرڈرن ہیں۔
ثانا میرن وزیر اعظم بننے سے قبل گزشتہ ہفتے تک وزیر ٹرانسپورٹ کی خدمات سر انجام دے رہی تھیں اور وہ 2015 میں پہلی بار 30 سال کی عمر میں رکن اسمبلی بنی تھیں۔

ثانا میرن کی پیدائش متنازع جنسی رجحانات رکھنے والے جوڑے کے ہاں ہوئی تھی اور ان کی پرورش ان کی والدہ نے کی تھیں۔ ثانا میرن ہم جنس پرست جوڑے کے ہاں پیدا ہوئی تھیں اور وہ اپنے خاندان کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ثانا میرن ایک بچے کی والدہ ہیں اور وہ اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ رہتی ہیں جن سے انہیں ایک بچہ بھی ہے۔

Comments