امریکا، فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 اہلکار ہلاک

واشنگٹن: امریکی ریاست منیسوٹا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست منیسوٹا میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں نیشنل گارڈ کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق بلیک ہاک ہیلی کاپٹر یو ایچ 60 نے منیسوٹا کے سینٹ کلاؤڈ ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی لیکن کچھ ہی دیر بعد اس کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوگیا تھا۔

منیسوٹا کے گورنر ٹم والز نے ہیلی کاپٹر حادثے کی تصدیق کی ہے تاہم حکام کی جانب سے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ منیسوٹا کے ایڈجسٹنٹ جنرل میجر جنرل جون جینسن نے کہا کہ اہلکاروں کی ہلاکت افسوسناک ہے ہماری پہلی ترجیح یہ ہے کہ ان کے اہلخانہ کا خیال رکھا جائے۔

منیسوٹا کے نیشنل گارڈز کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر سینٹ کلاؤڈ کے جنوب میں گر کر تباہ ہوا، ہیلی کاپٹر نے مرمت کے بعد تجرباتی پرواز کے لیے اڑان بھری تھی جس میں تین نیشنل گارڈز سوار تھے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل افریقی ملک مالی میں دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے تھے جس کے نتیجے میں 13 فرانسیسی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

Comments