برطانوی پاور اسٹیشن کے 4 کولنگ ٹاورز 4 لمحوں میں زمین بوس کر دیے گئے


لندن: برطانیہ میں آئرن برج پاور اسٹیشن کے 4 کولنگ ٹاورز چار لمحوں میں صفحۂ ہستی سے مٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پاور اسٹیشن کے چار کولنگ ٹاورز چار لمحوں میں زمین بوس کر دیے گئے، ٹاورز گرائے جانے کا زبردست منظر دیکھنے لوگ اکھٹے ہو گئے تھے، لوگوں نے یہ نظارہ بے مثال قرار دے دیا۔

کولنگ ٹاورز کو جمعے کے دن کنٹرولڈ دھماکوں کے ذریعے زمیں بوس کیا گیا، یہ ٹاورز 400 فٹ بلند تھے، صرف چند سیکنڈز میں دھوئیں کے بادل اڑاتے ہوئے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔ خیال رہے کہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر تبدیل کیے جا رہے ہیں، 46 سال سے برطانیہ کو توانائی فراہم کرنے والے ان ٹاور کو گرانے کے لیے صبح کے وقت کا انتخاب کیا گیا تھا، نظارے کو دیکھنے کے لیے لوگ بھی جمع ہو گئے تھے۔

آئرن برج کا یہ پاور اسٹیشن 1963 میں تعمیر کیا گیا تھا، یہ برطانیہ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پاور اسٹیشن تھا، یہاں سے ساڑھے 7 لاکھ گھروں کو بجلی فراہم کی جاتی تھی، اس نے بجلی کی پیداوار 2015 میں بند کر دی تھی، اور اب اس کی جگہ پر ایک ہزار گھر، ایک اسکول، دکانیں اور دیگر تعمیرات کی جائیں گی۔2012 میں یہ پاور اسٹیشن کوئلے سے بایو ماس پر منتقل کر دیا گیا تھا تاہم یورپی یونین کے آلودگی سے متعلق قوانین کا تقاضا تھا کہ یہ پلانٹ بجلی کی ایک خاص مقدار کی پیداوار تک پہنچنے کے بعد بند کر دیا جائے۔

Comments