اترپردیش میں زندہ جلائی جانے والی لڑکی دم توڑ گئی

نئی دہلی: پڑوسی ملک بھارت میں لڑکیوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے بعد انھیں زندہ جلانے کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے علاقے اناؤ میں 23 سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا دیا گیا تھا جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لا کر آج چل بسی ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوجوان لڑکی نے ملزمان کے خلاف اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کرایا تھا، ملزمان گرفتار ہونے کے بعد ضمانت پر رہا ہو گئے تھے، رہائی کے بعد ملزمان نے لڑکی کو عدالت جاتے ہوئے جلا ڈالا تھا۔  اترپردیش پولیس نے واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، یاد رہے کہ بدھ کو بھی ایک لڑکی کو اجتماعی زیادتی کے بعد جلا دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ تئیس سالہ لڑکی کو مارچ میں اناؤ کے علاقے میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، جب کہ جلائے جانے کے باعث لڑکی کا 60 سے 70 فی صد جسم جھلس گیا تھا۔ دو ہفتے قبل بھی بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک 27 سالہ ویٹرنری ڈاکٹر پریانکا ریڈی کو کچھ ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا کر قتل کر دیا تھا، اس واقعے نے بھارت میں ایک بار پھر خواتین پر تشدد اورریپ پر بحث چھیڑ دی تھی، جب کہ دنیا بھر میں اس واقعے کی گونج سنائی دی۔

Comments