جنوبی بھارت میں گینگ ریپ کے چار مشتبہ ملزمان کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ یہ چاروں پولیس کی حراست میں تھے اور ان پر باضابطہ طور پر فرد جرم بھی عائد نہیں کی گئی تھی۔ پولیس ان چاروں کو اُس جگہ لے کر گئی جہاں گینگ ریپ کے بعد خاتون کو جلا کر ہلاک کیا گیا تھا۔ ایک پولیس اہلکار نے نام مخفی رکھتے ہوئے بتایا کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد ایک مشتبہ ملزم نے پولیس پارٹی سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کر کے فرار ہونے کی کوشش کی تو اس کشمکش میں فائر کھولنا پڑ گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے گینگ ریپ کی شکار ستائیس سالہ خاتون کی جلی ہوئی نعش حیدرآباد شہر کے ایک انڈر پاس میں سے ملی تھی۔
Comments
Post a Comment