فرانس میں پنشن اصلاحات کے خلاف ہڑتال کا دوسرا دن

فرانس کے مختلف شہروں میں پنشن اصلاحات کے خلاف ہڑتال آج دوسرے دن بھی جاری رہےگی۔  ہڑتال میں وکلاء، ہسپتالوں کے عملے، ٹرانسپورٹ ورکرز، اساتذہ اور دیگرشعبوں سے وابستہ ملازمت پیشہ افراد شریک ہیں۔ محکمہ پولیس کے اہل کار بھی بڑی تعداد میں مظاہروں میں حصہ لے رہے ہیں۔گزشتہ روز آٹھ لاکھ سے زائد افراد نے فرانس کے تیس شہروں میں مظاہروں میں شرکت کی جس کے باعث نظام زندگی بُری طرح متاثر ہوا۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس استعمال کی۔مظاہرین مشعلیں اٹھائےپیرس کے لیون ٹرین سٹیشن میں بھی گھس گئے۔مظاہرین پنشن سے متعلق نئے قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ہڑتال کے باعث فرانس میں نوے فیصد تیز رفتار ٹرینیں معطل رہیں جبکہ پیرس میٹرو کا زیادہ تر حصہ بھی بند رہا۔ سینکڑوں پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں جبکہ تعلیمی ادارےبھی بند ہیں۔

Comments