لندن : ترک صدر رجب طیب اردگان نے برطانیہ میں پہلی ماحول دوست مسجد کو باقاعدہ طور پر کھول دیا ، 23 ملین پاونڈز کی لاگت سے بننے والی اس ماحول دوست خوبصورت مسجد میں بیک وقت 1000 نمازی نماز پڑھ سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر کیمبرج میں پہلی ماحول دوست مسجد باقاعدہ طور پر کھول دی گئی ہے، جس کا افتتاح ترک صدر رجب طیب اردگان نے کیا۔23ملین پاونڈز کی لاگت سے بننے والی اس ماحول دوست خوبصورت مسجد میں بیک وقت 1000 نمازی نماز پڑھ سکیں گے۔ اس کے زیرِ زمین کار پارک میں 82 گاڑیاں اور 300 سائیکلیں کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔
برطانیہ کی پہلی ماحول دوست مسجد کو مارکس بارفیلڈ آرکیٹیکٹس کمپنی نے ڈیزائن کیا ہے اور مسجد کو ماحول دوست بنانے کیلئے ایسی لکڑی استعمال کی گئی ہے، جو ان جنگلات سے لی گئی ہے، جن میں درخت کاٹنے سے ماحول پر اتنا اثر نہیں پڑتا ہے۔ مسجد کی چھت ایسے بنائی گئی ہے کہ سارا سال روشنی اندر آتی رہے، اس کی تعمیر میں کیمبرج شہر کے فنِ تعمیر، اسلامی آرکیٹیکٹ اور علاقے کی ضرورتوں کا خاص خیال رکھا ہے، جس کے باعث مسجد کو برطانیہ کی سب سے خوبصورت مسجد کہا جا رہا ہے۔خیال رہے برطانیہ میں رہائش پذیرمسلمانوں کیلئے وسیع مسجد کی ضرورت کیمبرج سینٹرل مسجد کی بنیاد بنی، اس مسجد کی تعمیر کے روح رواں ماضی کے عظیم گلوکار کیٹ اسٹیونز ہیں، جو اسلام قبول کر کے یوسف اسلام کہلائے۔
Comments
Post a Comment