وزیراعظم جنیوا کانفرنس میں شرکت کرینگے

دفترخارجہ کے ترجما ن ڈاکٹرمحمدفیصل نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان مہاجرین کے حوالے سے جنیوا میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔کانفرنس سترہ اور اٹھارہ دسمبرکو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہورہی ہے۔اسلام آبادمیں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اٹھارہ سے بیس دسمبر تک ہونے والی کوالالمپور سمٹ میں بھی وزیراعظم پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ہٹ دھرمی کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں ایک سو چھبیس روز سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں ذرائع ابلاغ بندہیں اور بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت وادی کی صورتحال کاجائزہ لینے کےلئے کسی کو جانے کی اجازت نہیں دے رہی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کشمیر پالیسی اسی جگہ ہے جہاں پہلے تھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔
افغانستان میں مصالحتی عمل کے بارے میں ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ پاکستان امریکہ اورطالبان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کےاعلان کا خیرمقدم کرتاہے ۔

Comments