اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے ملک میں 100مختلف طرح کے چھوٹے کاروباروں کیلئے لائسنس حاصل کرنے کی شرط ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہیں بریفنگ دی گئی کہ موجودہ لائسنس نظام میں کرپشن، رشوت ستانی اورکاروباری افراد کو ہراساں کرنے کی شکایت عام ہے، چھوٹے درجے کے ڈیڑھ سو مختلف کاروباروں کے لیے میونسپل کارپوریشنز اور دیگر اداروں سے لائسنس درکار ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم نے پیچیدہ لائسنس نظام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کریانہ، کپڑا، کلچہ شاپ اور دیگر کےلئے لائسنس کی شرط مشکلات پیدا کرنے کے مترادف ہے، ایسے غیر ضروری لائسنس کی شرط کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے عام آدمی کوریلیف دینے اور چھوٹے کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے کے لیے کاروباری اصلاحات کے تحت لائسنس نظام ختم کرکے خود کار نظام متعارف کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے مختلف ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کپاس کی اوسط پیداوار کی شرح میں واضح فرق پراظہارتشویش کرتے ہوئے سیڈ ایکٹ میں ترمیم اور کاٹن کمیٹی کی از سر نو تشکیل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
Comments
Post a Comment