پاکستان میں سال 2020 کا پہلا چاند گرہن آج ہوگا


اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان میں جمعہ کی رات اور ہفتے کے آغاز کے ابتدائی گھنٹوں میں سال 2020 کا پہلا چاند گرہن ہوگا۔  نجی نیوز چینل کے مطابق یہ پینمبرا چاند گرہن ہوگا جو پاکستان کے ساتھ ساتھ ایشیا، یورپ، آسٹریلیا اور افریقہ کے مختلف شہروں میں دیکھا جائے گا۔ تاہم یہ امریکا، وسطی کینیڈا اور جنوبی امریکا کے بڑے حصے میں دیکھا نہیں جائے گا۔  ادھر سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی نے رپورٹ کیا کہ چاند گرہن کا آغاز رات 10 بجکر 7 منٹ پر ہوگا اور یہ 12.07 منٹ پر یہ مکمل گرہن ہوجائے گا جبکہ گرہن رات 2 بجکر 12 منٹ پر ختم ہوگا۔
چاند گرہن کے دوران چاند سرخ نظر آتا ہے کیونکہ سورج کی روشنی اس وقت براہ راست اس پر نہیں پڑتی جب زمین چاند اور سورج کے بیچ میں سے گزر رہی ہوتی ہے۔  واضح رہے کہ ایک سال میں کم از کم 2 مرتبہ مکمل یا جزوی چاند گرہن ہوتا ہے۔  یہاں یہ بھی واضح رہے کہ گزشتہ سال کے آخر میں دنیا بھر میں سورج گرہن ہوا تھا اور اس کا نظارہ جزوی طور پر پاکستان میں دیکھا گیا تھا۔
چاند سرخ کیوں دکھائی دیتا ہے؟
اس کی وجہ یہ ہے کہ سورج کی روشنی جب زمینی فضا میں سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی کی نسبت لال رنگ کی روشنی زیادہ مڑ جاتی ہے اور چاند جزوی چاند گرہن کے وقت لال اور پھر مکمل چاند گرہن کے وقت پورا سیاہ ہو جاتا ہے۔  اکثر لوگ کہتے ہیں کہ چاند گرہن کے وقت چاند کا اصل رنگ لال ہوجاتا ہے جو اصل میں ان کی غلط فہمی ہے، چاند کا اپنا رنگ "گرئے"(grey) ہی رہتا ہے لیکن اس پر پڑنے والی روشنی کے رنگ میں تبدیلی آنے کی وجہ سے اس کا ظاہری رنگ سرخ ہو جاتا ہے۔

Comments