6ماہ بعد 89 ادویات کی قیمتوں میں 15فیصد کمی ،اطلاق فوری ہوگا

وزارت صحت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے 6 ماہ بعد انتہائی اہم 89 ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد کمی کردی گئی۔وزارت صحت کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا کہ قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے 24 دسمبر کو میڈیا کو بتایا تھا کپ وفاقی کابینہ نے پرائسنگ پالیسی 2018 کے تحت 89 ادویات کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مذکورہ پالیسی کے تحت انوویٹر ڈرگز کو مارکیٹ میں متعارف کروانے کے 3 سال ان کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی ہونا تھی تاہم تمام پہلوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا.واضح رہے کہ 26 دسمبر کو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے الزام عائد کیا تھا کہ وزارت صحت کابینہ میں 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا دعوی کر کے قوم کو گمراہ کررہی ہے۔ایوسی ایشن کا کہنا تھا کہ یہ 6 ماہ پرانا فیصلہ ہے جسے کابینہ اجلاس کے بعد دوبارہ سنادیا گیا۔ایسوسی ایشن نے وزارت کی جانب سے 19 جون کو جاری کردہ نوٹیفکیشن بھی دکھایا جس میں ادویہ ساز کمپنیوں کو 89 ادویات کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔اس ضمن میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عاصم رف نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی تھی کیوں کہ تمام ادویہ ساز کمپنیوں اور اسٹیک ہولڈرز کو پیشگی مطلع کرنا پڑتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تاہم قیمتوں میں کمی سے قبل حکومت سے اجازت لینا ضروری ہوتی ہے اور ہمیں حکومت کی منظوری 24 دسمبر کو ملی جب یہ گزیٹ آف پاکستان میں شائع ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست نہیں کہ وزارت نے شہریوں کو گمراہ کیا اور دعوی کیا کہ اس قسم کے فیصلوں سے قبل اسی قسم کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) پر عمل کیا جاتا ہے۔

Comments