مینگورہ،مکان کی چھت منہدم،چار جنازے نکلنے پر کہرام مچ گیا

سوات: مینگورہ میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے محلہ خونہ گل میں چار منزلہ زیر تعمیر عمارت ایک مکان پر گر گئی جس کے نتیجے میں مکان کی چھت منہدم ہو گئی اور سات افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا۔  پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں گھر کا سربراہ عنایت اللہ،ان کی اہلیہ مسماۃ شمع ،تین سالہ بیٹا زرک اور سات سالہ بیٹی حورا شامل ہیں۔جبکہ زخمی افراد میں عنایت اللہ کے والد فقیر محمد، بہن مسماۃ ناہید اور ایک بھانجا محسن شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاندان اس گھر میں کرائے پر رہائش پذیر تھا جب کہ گھر کا مالک اور زیر تعمیر چار منزلہ عمارت کا مالک ایک ہی ہے۔   زیر تعمیر عمارت کا نقشہ ٹی ایم اے کی جانب سے پاس نہیں کیا گیا تھا جو حادثے کا سبب بنا اور چار قیمتی جانوں کے ضیاع کی وجہ بنا۔ ٹی ایم اے ذرائع کا کہنا ہے کہ محلہ خونہ گل میں جو چار منزلہ عمارت گری ہے اُس کا نقشہ ٹی ایم اے سے پاس نہیں ہوا تھا۔ بار بار عمارت کے مالک رحمت علی کو دفتر بلایا گیا مگر وہ نہیں آیا ۔  ٹی ایم اے ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر عمارت پر کام ٹی ایم اے کی اجازت کے بغیر شروع کیا گیا تھا جس کے باعث اتنا بڑا حادثہ رونما ہوا۔پولیس نے زیرتعمیر عمارت کے مالک رحمت علی کے خلاف رپورٹ درج کرلی ہے ۔

Comments