اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ڈیوس سے متعلق بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ سے ایک گھنٹے کی ملاقات مفید رہی، میں ملاقات میں موجود تھا۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ سے بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں صدر ٹرمپ کی پوری ٹیم موجود تھی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے ملاقات میں ایف اے ٹی ایف سمیت اہم ایشوز اٹھائے اور ان سے سپورٹ کا کہا، وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کا بھی کہا۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم اور صدر ٹرمپ کی ملاقات میں تجارت سے متعلق امور پر بھی بات ہوئی، ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ امریکا کا ایک تجارتی وفد پاکستان آئے گا۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے کشمیر کی صورت حال کا خاکہ صدر ٹرمپ کے سامنے رکھا، صدر ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش ہے، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر بات کریں گے، صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں امریکی صدر کا کہنا تھا میں عمران خان کو پسند کرتا ہوں اور ان پر اعتماد کرتا ہوں، صدر ٹرمپ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو ایران کے معاملے پر تشویش سے آگاہ کیا، ایران کے مسئلے سے جو مضر اثرات پاکستان پر پڑتے ہیں ان پر ٹرمپ سے بات ہوئی۔ صدر ٹرمپ سے افغانستان کے مسئلے امن عمل کو آگے بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کی سائیڈ لائن کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی جس میں دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
Comments
Post a Comment