ترکی میں زلزلہ، وزیراعظم اور آرمی چیف کی مدد کی پیشکش

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان اور  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترکی میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ترک قیادت اور عوام کے ساتھ ہے، ہم اپنے ترک بھائیوں کی مدد کے لیے تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ترکی میں زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی ہر طرح کی امداد کے لیے تیار ہے، پاک آرمی کی امدادی ٹیم میں ریسکیو، ریلیف اور فیلڈ میڈیکل کی سہولت شامل ہے۔
اس کے علاوہ ترکی میں ہولناک زلزلے کے باعث ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی جس میں زلزلہ متاثرین کی فوری امداد کا مطالبہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی ترکی میں زلزلے سے ہونے والے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Comments