کرنل (ر) انعام الرحیم کی حراست غیر قانونی قرار

اسلام آباد(ویب ڈیسک)عدالت نے لاپتہ افراد کے کیسوں کی پیروی کرنے والے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایڈوکیٹ کی حراست کو غیر قانونی قرار دیدیا۔  کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈوکیٹ کی حراست سے متعلق کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل الیاس ساجد بھٹی اور کرنل (ر) انعام الرحیم کے وکیل واصف ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔  عدالت نے کرنل (ر) انعام الرحیم کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرنل (ر) انعام الرحیم کی حراست کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔  خیال رہے کہ کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم لاپتہ افراد سے متعلق کیسوں کی پیروی کر رہے تھے اور انہیں 16 دسمبر کو راولپنڈی میں واقع ان کی رہائشگاہ سے اغوا کیا گیا تھا۔
انعام الرحیم کے صاحبزادے حسنین انعام نے میڈیا کو بتایا تھا کہ 16 دسمبر کی شب ساڑھے 12 بجے عسکری 14 میں واقع ان کی گھر کی گھنٹی بجی اور جب انہوں نے دروازہ کھولا تو سیاہ لباس میں ملبوس 8 سے 10 مسلح افراد ان کے گھر میں گھس آئے۔  حسنین انعام کے مطابق یہ افراد والد کو اسلحے کے زور پر زبردستی اپنے ہمراہ گاڑی میں ڈال کر ساتھ لے گئے اور انہیں دھمکی بھی دی کہ اگر کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کی گمشدگی کو رپورٹ کیا تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

Comments