اسپتالوں کو گلے کے امراض کے مریضوں کا ریکارڈ دینے کی ہدایت

کراچی (ویب ڈیسک)وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی اور سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ اپنے اپنے صوبوں میں انفلوئینزا وائرس سے متاثر ہونیوالے مریضوں کے ٹیسٹ قومی ادارہ صحت اسلام آباد لیبارٹری بھیجیں۔  ملک میں سرد موسم شروع ہوتے ہی انفلوئینزاH1N1 وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے،انفلوئینزا وائرس کے حوالے سے میڈیا میں خبریں شائع ہونے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی اور سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ اپنے اپنے صوبوں میں انفلوئینزا وائرس سے متاثر ہونیوالے مریضوں کے ٹیسٹ قومی ادارہ صحت اسلام آباد لیبارٹری بھیجیں۔
ذرائع کے مطابق 2019 دسمبر تک ملک بھر میں 202افراد میں انفلوئینزا وائرس کی تصدیق کی گئی تھی جبکہ رواں ماہ جنوری میں اب تک ملک بھر میں32افراد میں انفلوئینزا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔   دریں اثنا جمعہ کوصوبائی محکہ صحت نے انفلوئینزا وائرس H1N1 سے بچاؤکے حوالے سے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کی گئی جبکہ ڈائریکٹر صحت جنرل سندھ میں ریجنل ڈیزیز سرویلینس اینڈ ریسپانس سینٹر بھی قائم کردیاگیا۔  کراچی سمیت دیگرتمام سرکاری اسپتالوںکی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ فلو، نزلہ، زکام ،گلے خراب تیزبخارمیں آنے والے مریضوں کے انفلوئینزا وائرس کے ٹیسٹ کرائیں جائیں اورمتاثر ہونے والے مریضوں کے کوائف بھی محکمہ صحت کو ارسال کیے جائیں ،اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت نے پروفارمے بھی جاری کیے ہیں جس میں متاثرہ مریضوں کے کوائف لکھے جائیں گے۔
صوبائی محکمہ صحت نے ڈاکٹرظفرمہدی کوسندھ میں انفلوائینزا وائرس کا فوکل پرسن بھی مقررکردیا ہے جبکہ آگاہی مہم کے حوالے پوسٹرزبھی جاری کیے ہیں جو انگریزی اردو اور سندھی زبان میں ہوں گے۔  محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہیلتھ ایڈوائزری میں کہاگیا ہے کہ سرد موسم میں انفلوئینزا(فلو)کا موسم ہے، فلو وائرس ایک سے دوسرے صحت مند افراد میں تیزی سے منتقل ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،گھروں میں فلو سے متاثرہ افراد سے بچوں کو دور رکھاجائے فلو وائرس کا شکار افرادکھانستے اورچھینکتے وقت رومال کا استعمال کریں۔

Comments