اٹلی میں کورونا سے مزید 650 افراد ہلاک ، دنیا بھر میں اموات ساڑھے 14 ہزار تک پہنچ گئ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 651 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد عالمگیر وبا پر قاپو پانے کے لیے یورپی ملک میں اپنے شہریوں کے اندرونی سفر پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ کورونا وائرس گزشتہ برس دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے منظر عام پر آیا تھا اور جب ہلاکتیں بڑھیں تو چین کی حکومت نے فوری ہنگامی اقدامات اٹھاتے ہوئے پہلے چند شہروں اور پھر پورے ہوبئی صوبے کو لاک ڈاؤن کر دیا جس سے چین کو وبا پر قابو پانے میں بہت مدد ملی اور اب وہاں کورونا کیسز کی تعداد بہت کم ہو گئی ہے اور متاثرہ افراد بھی صحتیاب ہو کر گھروں کو جا رہے ہیں۔
چین
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 ہلاکتیں اور 39 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، تمام نئے کیسز ان افراد میں پائے گئے جو بیرون ملک سے سفر کر کے آئے تھے۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بھی 10 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد بیجنگ میں اترنے والی تمام پروازوں کو دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ چین میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 270 اور کیسز کی تعداد 81 ہزار 93 ہو گئی ہے، 72 ہزار 703 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو بھی جا چکے ہیں۔
اٹلی
دوسری جانب یورپی ملک اٹلی میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں مسلسل جاری ہیں اور گزشتہ روز بھی 651 نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اٹلی میں اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 476 ہو گئی جب کہ متاثر افراد کی تعداد 60 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اٹلی کی حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اپنے شہریوں کے اندرون ملک سفر پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
اسپین
اٹلی کے بعد یورپ کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک اسپین ہے جہاں 22 مارچ کو کورونا نے مزید 393 زندگیاں نگل لیں جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد ایک ہزار 772 ہو گئی ہے۔
فرانس اور برطانیہ
فرانس میں بھی مزید 112ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 674 ہو گئی ہے جب کہ گزشتہ روز برطانیہ میں مزید 48 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعدیورپی یونین سے حال ہی میں علیحدہ ہونے والے ملک میں اموات کی کل تعداد 281 ہو گئی ہے۔
ایران
ایران میں بھی کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور وہاں بھی گزشتہ روز 129 افراد موذی وبا کے باعث چل بسے تھے، اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں ایک ہزار 685 ہو گئی ہیں۔
امریکا
ریاست ہائے متحدہ امریکا میں بھی کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں اور وہاں 117 مزید افراد کی موت کے بعد اموات کی تعداد 419 ہو گئی ہے۔ امریکا کی ریاست اوہائیو اورریاست لوزیانا کو بند کر دیا گیا ہے اور شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ نیویارک کے میئر نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے اپریل کا مہینہ مارچ اور مئی کا مہینہ اپریل سے زیادہ خطرناک ثابت ہو گا، کیسز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گا اور اشیائے خورو نوش کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکا کی مختلف ریاستوں میں تقریباً 2 کروڑ زیادہ افراد کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں ہیں اور 37 ہزار 995 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس چین کے شہر ووہان سے منظر عام پر آنے والا کورونا وائرس اب دنیا کے 192 ملکوں تک پھیل چکا ہے جس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 14 ہزار 476 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جب کہ وبا سے متاثر 98 ہزار سے زائد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

Comments