اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر آئسولیشن میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے معاملے پر ایک نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی بنی ہے جو معاملے کا جائزہ لے رہی ہے، ہمیں صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمتی عملی اپنانی ہو گی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سی پیک کے ساتھ ہماری معاشی ترقی جڑی ہوئی ہے اور کورونا وائرس کے باعث معاشی سرگرمیوں کو بند کرنے سے بھی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں اور غفلت برتنے سے انسانی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑا نازک لمحہ ہے، کورونا سے متعلق احتیاط برتنی چاہیے، اس صورت حال میں ہمیں ایک دوسرے کی علاقائی پریکٹس کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ دورہ چین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین جانے کا مقصد مشکل وقت میں اپنے دوست ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا، اس مشکل صورت حال میں ہمارے صدر کا دورہ چین دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے چین جانے سے پہلے اپنا ٹیسٹ کرایا تھا اور میں نے ذاتی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ خود کو 5 روز کے لیے آئسولیشن میں رکھوں گا اور 5 روز بعد پھر ایک ٹیسٹ کراؤں گا جس کے نتائج سامنے آنے کے بعد میڈیا سے بات کروں گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا کا مرکز ووہان کو سمجھا جا رہا تھا لیکن وہاں کل صرف ایک کیس رپورٹ ہوا جو بہت ہی حیران کن بات ہے۔
Comments
Post a Comment