سعودی عرب میں آج سے کرفیو کا اعلان

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے آج سے ملک بھر میں کرفیو کے نفاذ کا حکم جاری کردیا۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے اتوار کے روز ایک شاہی فرمان جاری کیا جس میں پیر 23 مارچ کی شام سے ملک بھر میں کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا۔ شاہی فرمان کے مطابق کرفیو 21 روز کے لیے نافذ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد 23 مارچ کی شام 7 بجے سے شروع ہوگا جو صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرماں روا کی جانب سے کرفیو کا اعلان وزارت صحت کی طرف سے کورونا کے کیسز 500 سے تجاوز کرنے کی اطلاع دینے کے بعد کیا گیا، سعودی عرب کی وزارت صحت نے اب تک ملک میں وائرس کے 511 کیسز کی تصدیق کی ہے۔ شاہی فرمان میں کرفیو کے دوران شہریوں کو اپنی حفاظت کے لیے گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ کرفیو کے نفاذ کے سلسلے میں سعودی وزارت داخلہ کو ضرورتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی جبکہ سول اور ملٹری حکام کو مکمل تعاون کا حکم دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے سرکاری ملازمین اور اہم شعبوں سے وابستہ افراد کو کرفیو سے مستثنیٰ قرار دیا ہے جب کہ بیکریز، سپر مارکیٹس، گوشت، سبزی اور لیبارٹریز بھی کھلی رہیں گی۔ اس کے علاوہ میڈیکل اسٹورز، کلینکس، اسپتال اور دوا ساز کمپنیاں بھی کرفیو سے مستثنیٰ ہوں گی۔

Comments