دنیا میں کورونا سے ہلاکتیں 53 ہزار سے تجاوز کر گئیں، مریضوں کی تعداد بھی 10 لاکھ سے اوپر

اسلام آباد(ویب ڈیسک)عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک 53 ہزار سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں جب کہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث اس وقت ہلاکتوں کے اعتبار سے اٹلی دنیا میں سب سے آگے ہے جہاں اب تک 13 ہزار 915 لوگ ہلاک اور ایک لاکھ 15 ہزار 242 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اٹلی کے بعد دوسرا نمبر اسپین کا ہے جہاں ایک روز کے دوران ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد یورپی ملک میں اموات کی تعداد 10 ہزار 348 اور مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد لوگ ہو گئی ہے۔ فرانس میں 5 ہزار387 اور جرمنی میں ایک ہزار 107 لوگ وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار کے قریب جب کہ بیلجیم میں اموات ایک ہزار سے اوپر ہو گئی ہیں۔ امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کےمزید 30 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ مزید 900 کے قریب ہلاکتیں رپورٹ ہونے کے بعد امریکا میں اموات کی مجموعی تعداد بھی 6 ہزار 75 تک پہنچ گئی ہے ۔ چین میں بھی مزید 4 ہلاکتیں رپورٹ ہونے کے بعد وہاں اموات کی تعداد 3 ہزار 322 جب کہ مریضوں کی تعداد 81 ہزار 620 ہو گئی ہے۔ ایران میں 3 ہزار 160 جب کہ ترکی میں 356 افراد زندگیوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے عالمگیر وبا کو روکنے، اس پر قابو پانے اور اسے شکست دینے کے لیے بین الاقوامی تعاون تیز کرنے سے متعلق ایک متفقہ قرارداد منظور کی ہے۔خیال رہے کہ دنیا کے 204 ممالک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جن میں سے 53 ہزار 200سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ کورونا سے متاثرہ 2 لاکھ 13 ہزار افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

Comments