سوات:کورونا وائرس کے مقامی سطح پر سات کیس سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت سوات نے محدود عملہ اور وسائل کے باوجود اپنے اپریشنز کو مزید وسعت دے دی تاکہ اس وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ ڈی ایچ او سوات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجائے اس کے کہ ہم وائرس کی علامات ظاہر ہونے کا انتظار کرے ہم خود اس کی تلاش کرے۔ اس سلسلے میں سیدو شریف اسپتال میں نزلہ، کھانسی اور زکام کیلئے الگ او پی ڈی قائم کردی گئی ہے جہاں پر آنے والے ہر مریض کی باریک بینی سے تشخیص کی جارہی ہے، معمولی شک پر بھی مریضوں سے نمونے لیکر کورونا ٹیسٹ کیلئے بھجوائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سوات کے مختلف علاقوں سے مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں لیکن مینگورہ شہر سے تاحال کوئی کیس سامنے نہیں آیا جو کہ اگر ایک طرف تسلی بخش ہے تو دوسری طرف ایک خاموش خطرہ بھی ہے، اسی خطرے کا تدارک کرتے ہوئے مینگورہ شہر میں طبی عملہ کو فعال کرتے ہوئے گھروں کے اندر عوام کی چیک اپ کا ٹاسک دے دیا گیا ہے تاکہ گھر گھر موجود افراد کی سکریننگ ہوسکے۔ ڈی ایچ او سوات اکرم شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت، محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ھدایات پر سختی سے عمل کریں اگر خدانخواستہ ایک بار یہ وباء پھیل گئی تو اس کی تباہ کاریوں کو روکنا ممکن نہ ہوگا۔
Comments
Post a Comment