کورونا وائرس کو متاثرہ علاقے تک محدود رکھیں گے،ڈاکٹر اکرم شاہ

سوات:محکمہ صحت سوات کیلئے بہا میں سامنے آنے والے کیسز ایک چیلنج ہے، ھماری بھر پور کوشش ہے کہ اس وباء کو ہر صورت متاثرہ علاقہ تک ہی محدود رکھیں لیکن عوامی تعاون کے بغیر یہ ممکن نہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار ڈی ایچ او سوات ڈاکٹر اکرم شاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوات ایک وسیع رقبے پر پھیل ہوا علاقہ ہے اگر خدانخواستہ یہ وباء پھیل گئی تو پھر اس کی روک تھام ممکن نہ ہوگی اس لئے محکمہ صحت کیلئے اب یہ ایک چیلنج ہے کہ وباء کو متاثرہ علاقہ تک ہی محدود رکھے۔ انہوں نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ محکمہ صحت کا عملہ اپنی استعداد سے بڑھ کر اس وباء کا مقابلہ کررہی ہے مگر جب تک عوام اس میں ساتھ نہیں دیتے اس وباء کو روکنا ممکن نہیں ہوگا اس لئے عوام ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے خود کو گھروں تک ہی محدود رکھیں۔

Comments