بہاولپور کے چڑیا گھر میں زہریلا چارا کھانے سے 7 نایاب ہرن ہلاک


بہاولپور (سپاٹ سٹوری ڈاٹ نیوز) بہاولپور کے چڑیا گھر میں مبینہ طور پر زہرہلا چارا کھانے سے نایاب نسل کے 7 ہرن ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق چڑیا گھر میں نایاب نسل کے ہرن مبینہ طور پر زہریلا چارا کھانے سے ہلاک ہو گئے جبکہ 12 دیگر ہرنوں کی حالت خراب ہو گئی۔  ذرائع کا بتانا ہے کہ بہاولپور کے چڑیا گھر میں ہلاک ہونے والے ہرن نایاب چیتل نسل کے ہیں۔ دوسری جانب چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درجنوں ہرن اچانک جنگلے میں تڑپنے لگے اور تھوڑی ہی دیر میں 7 ہرن دم توڑ گئے جبکہ فوری طبی امداد سے 22 ہرنوں کو بچا لیا گیا ہے اور 12 ہرن اب بھی شدید بیمار ہیں۔  انتظامیہ کے مطابق چڑیا گھر کے ہرنوں کی پراسرار ہلاکت کی وجہ ابھی نہیں بتائی جا سکتی، ہلاکت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے ان کے نمونے لاہور بھجوادیے ہیں۔ کیوریٹر بہاولپور چڑیا گھر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہرنوں کی ہلاکت کی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی پتہ لگ سکے گی۔

Comments