ڈپٹی کمشنر سوات کا وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے آبائی علاقے مٹہ میں کھلی کچہری انعقاد کیا


سوات: عوامی مسائل کی شنوائی کے لئے ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے سمبٹ تحصیل مٹہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے عوام کے مسائل سنے۔ ضلعی محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقامی افراد کی بھی بھرپور شرکت۔  تعمیری میٹریل کی جابجا پڑے رہنے کی وجہ سے ٹریفک مسائل، بازاروں میں صفائی اور ٹریفک مسائل، مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ، روڈ منصوبوں کی وجہ سے زرعی زمینوں اور باغات کو درپیش مختلف مسائل، کٹ گاڑیوں اور کرشنگ سے وابستہ روزگار کو درپیش مشکلات، منشیات کی روک تھام اور سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل کی شنوائی اور حل میں تاخیر کھلی کچہری میں سر فہرست رہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کا اس موقع پر عوامی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوام سے رابطے کو مختلف ذریعوں سے مضبوط سے مضبوط بنا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ ضلعی محکموں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے عوامی تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنید خان نے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعہ کے دن تسلسل سے کرنے کا عندیہ دیا۔ 

جنید خان کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر میں انتظار کے کلچر کو ختم کر کے تیز ترین سروس ڈیلیوری یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں اور عمومی تعمیراتی کاموں کے لئے میٹر ئیل کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اس لئے اس شعبہ سے بہت سے لوگوں کا کاروبار وابستہ ہوگیا ہے۔ اس شعبہ کے لئے خصوصی پلان لے کر آرہے ہیں تاکہ کاروبار سے وابستہ لوگوں کو مشکلات بھی نہ ہوں اور سوات میں قدرتی ماحول کو بھی خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ ضلعی انتظامیہ و دیگر سرکاری دفاتر عوام کے لئے کھلے ہیں اور شکایات کی صورت میں اب سخت کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ آغاز ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکار سے ہوگی اور شکایت کی صورت میں پہلے سسپنشن کے آرڈرز ہونگے اور انکوائری بعد میں ہوگی۔ کسی بھی محکمہ میں کرپشن برداشت نہیں ہوگی، میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہوگی۔ کھلی کچہری سے پہلے ڈپٹی کمشنر نے ریونیو دربار بھی لگایا اور عوامی مسائل حل کئے۔

 ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے سوات کے تحصیلوں اور ضلعی صدر مقام میں کھلی کچہری اور ریونیو دربار کے ساتھ ساتھ آن لائن ذریعوں سے رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے اس تسلسل کو مذید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔

Comments