سوات دنگرام میں صحافیوں کے لئے 40 کنال اراضی پر مشتمل ہاؤسنگ منصوبے کا افتتاح کردیا گیا


سوات: خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کم آمدنی والے افراد بشمول صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ منصوبے شروع ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے بہت جلد صوبے میں کم آمدن والے افراد کو بہترین رہائشی سہولیات میسر ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ منصوبوں میں صحافیوں کے لیے دو فیصد کوٹہ مقرر کیا ہے۔ سوات میں دنگرام ہاؤسنگ منصوبے میں صحافیوں کے لیے 40 کنال اراضی مختص کرنا اس کی کڑی ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے سوات کے صحافیوں کے لئے بہترین رہائشی سہولیات میسر آئینگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنگرام ہاؤسنگ منصوبہ209 کنال اراضی پر مشتمل ہے جس میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہائی رائز بلڈنگز بھی تعمیر ہوں گے اور ہاؤسنگ سوسائٹی کی خوبصورتی اور بہترین ماحول کے لیے شجرکاری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کامران بنگش کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت پورے صوبے میں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت صحافیوں کے رہائشی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں تمام اضلاع میں جاری منصوبوں میں مقامی صحافیوں کے لئے اراضی مختص کر رہی ہے جس سے صوبے میں صحافیوں کی رہائش کے مسائل حل ہوں گے اور وہ صحافتی امور بہتر طریقے سے انجام دے سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ کم آمدن والے افراد کو بہترین رہائشی سہولیات میسر آئیں اور اس وژن کی تکمیل کے لئے ہم سب کوشاں ہیں۔ ہاؤسنگ شعبہ کی ترجیحات بیان کرتے ہوئے وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے مناسب جگہوں پر زمین کا حصول یقینی بنانے کے لیے لیے لینڈ شیئرنگ پالیسی کے تحت بھی منصوبے لا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبوں پر پیپر ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور جلد ہی اس کا آغاز ہوگا۔

Comments