کورونا کی تیسری لہر، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیر صدارت کورونا وبائی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس

سوات: کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیر صدارت اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم اور ایم ایس سیدو ہسپتال ڈاکٹر نعیم اعوان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا کی تیسری لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال، کورونا سے متاثرہ افراد و اعدادوشمار اور ہسپتالوں میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایم ایس سیدو شریف ہسپتال ڈاکٹر نعیم اعوان کی جانب سے سیدو شریف ہسپتال میں انتظامات اور صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے پورے ضلع میں قائم کورونا مریضوں کے لئے خصوصی سہولیات اور وسائل کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ہسپتالوں میں آکسیجن سیلنڈرز کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی میں اضافہ کیا گیا ہے اور تحصیل ہسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سب سے زیادہ مریض سیدو شریف ہسپتال میں لائے جارہے ہیں جسکی وجہ سے ہسپتال پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے احکامات جاری کیے کہ کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے آکسیجن کی سپلائی بروقت یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کے بڑے ہسپتالوں میں دوسرے علاج سے متعلق تمام سہولیات منقطع کرتے ہوئے کورونا صورتحال پر تمام تر توجہ مرکوز کی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اور ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ہسپتالوں کو بروقت اور بھرپور تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور سٹاف شروع سے ہی پوری جانفشانی سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، انتظامیہ اس صورتحال میں ان کی مدد کے لئے ہمہ وقت دستیاب رہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون اور صحت شعبے سے منسلک فرنٹ لائن ورکرز کی کوششوں سے پہلے بھی اس وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اس بار بھی اللہ کے فضل و کرم سے سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں ہسپتالوں میں موجود سٹاف اور عملے کے ساتھ تعاون کریں اور صبر کا دامن نہ چھوڑیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Comments