ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے ''آن کال کچہری'', ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کا مسائل حل کرنے کی یقین دہانی


سوات: ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے عوامی مسائل کی شنوائی کے لئے 'آن کال کچہری' کا انعقاد کیا گیا۔ایک گھنٹے تک ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے عوام کے ساتھ فون کال کے ذریعے براہِ راست رابطے میں رہے، مسائل سنے اور حل کے لئے متعلقہ اداروں کے ضلعی افسران کو ہدایات جاری کیں۔ عوام کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے ان اقدامات کو سراہا گیا جس کے ذریعے عوام کے ساتھ روابط کے لئے مختلف طریقے اپنائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کا عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کے دوران کہنا تھا کہ عوام کے ساتھ براہِ راست رابطہ اور مسائل کے ادراک اور حل کے لئے آن کال، آن لائن اور کھلی کچہریوں کا تواتر سے اہتمام کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ براہِ راست عوامی رابطوں کی وجہ سے مقامی مسائل اور ضلعی محکموں کی کارکردگی جاننے کا موقع مل رہا ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ عوامی مسائل حل ہورہے ہیں اور عوام ضلعی انتظامیہ اور محکموں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جنید خان کا کہنا تھا کہ تحصیل سطح پر کھلی کچہریوں کا دوبارہ آغاز کرچکے ہیں اور وہ خود بھی ان کچہریوں میں ضرورت کے مطابق حاضری یقینی بنا رہے ہیں۔ 'آن کال کچہری' کے دوران بازاروں میں تجاوزات، ایریگیشن چینلز کی صفائی، درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور مختلف ہسپتالوں اور کلینکس میں غیر مستند ڈاکٹروں کی جانب سے علاج معالجے کرانے جیسے مسائل سرفہرست رہے جبکہ ایک خاتون نے وراثت میں حق کے حصول کے لئے اپنی شکایت ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھی۔

Comments