سوات: دریائے سوات کی قدرتی حسن کی بحالی سے متعلق اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی، ایریگیشن محکمہ کے چیف انجینئر ناصر غفور کی جانب سے اجلاس کو دریائے سوات کی قدرتی حسن کی بحالی کے لئے مجوزہ منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے سوات کے کنارے تجاوزات ہٹانے کے بعد سے دریا سوات کے قدرتی حسن کی بحالی کے لئے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں احکامات جاری کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ دریائے سوات کے قدرتی حسن کی بحالی کے لیے منصوبے ترتیب دیتے ہوئے ماحول دوست اور قابل عمل منصوبے بنائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ضلع سوات کے علاقائی خدوخال، مقامی آبادی کی ضروریات اور ماحولیاتی تنوع کو مد نظر رکھا جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے سے وسیع اراضی خالی ہوگئی ہے جس پر سبزا اور درخت لگانے کی ضرورت ہے تاکہ صاف شفاف پانی کے ساتھ ساتھ دریا کے اردگرد قدرتی ہریالی بھی دیکھنے کو ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی ماحول کی بحالی سے سوات کے قدرتی حسن میں اضافہ ہوگا اور دریا کے اندر آبی حیات کو افزائش نسل کے لیے بہتر ماحول میسر آئیگا اور نتیجتاً ضلع بھر میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے دریا کے کنارے اور قریبی علاقوں میں مزید تعمیرات روکنے اور دریا کی حدود سے متعلق آگاہی کے لئے معلوماتی تختیاں لگانے کے احکامات جاری کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریور پروٹکشن ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
Comments
Post a Comment