طالبان قطر اور ترکی سے کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے سے متعلق مذاکرات کر رہے ہیں، فرانس


افغان طالبان کی کابل ایئر پورٹ کا انتظام سنبھالنے کے حوالے سے قطر اور ترکی سے بات چیت جاری ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں اِیو لدَریاں نے یہ بات آج بروز منگل پیرس میں ایک فرانسیسی نیوز چینل کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کابل ہوائی اڈے کو جلد از جلد محفوظ بنایا جائے تاکہ ایسے افغان باشندے جو ملک چھوڑنا چاہتے ہیں، کمرشل پروازیں استعمال کر سکیں۔ فرانسیسی وزیر خارجہ کے مطابق کابل کے ہوائی اڈے کو محفوظ بنانے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر لازمی عمل ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ لدَریاں نے مزید کہا کہ فرانس کو طالبان پر دباؤ ڈالنے کا عمل جاری رکھنا چاہیے تاہم پیرس حکومت طالبان سے مذاکرات نہیں کر رہی۔

Comments