سلامتی کونسل کی طالبان سے انسانی حقوق کی پاسداری کی اپیل


اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغان طالبان سے ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کی اپیل کی ہے۔ کونسل نے طالبان سے مطالبہ کیا کہ ملک چھوڑنے کے خواہش مند افغان باشندوں کو بلا روک ٹوک بیرون ملک جانے دیا جائے۔ عالمی سلامتی کونسل نے اس حوالے سے ایک قرارداد بھی منظور کی۔ اس کے علاوہ سلامتی کونسل نے طالبان سے خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے احترام کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ پندرہ رکنی سلامتی کونسل میں اس قرارداد کی تیرہ ممالک نے حمایت کی جبکہ چین اور روس نے اپنی رائے محفوظ رکھی۔ اس کے برعکس سلامتی کونسل کے ارکان میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کی تجویز کے مطابق کابل میں ایک ’محفوظ خطے‘ کے قیام پر کوئی اتفاق رائے نہ ہو سکا۔

Comments