افغانستان سے امریکی فوجی انخلا مکمل ہو گیا


امریکا نے کابل ایئر پورٹ سے اپنے آخری فوجیوں کی روانگی کے بعد افغانستان میں اپنے تقریباﹰ بیس سالہ فوجی آپریشن کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ جنرل کینتھ میکینزی نے کہا کہ امریکا اور اتحادی ممالک کے شہریوں کے علاوہ تحفظ کے خواہاں افغان باشندوں کو ملک سے نکالنے کا فوجی مشن اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ امریکی فوج کا آخری طیارہ کابل کے حامد کرزئی ہوائی اڈے سے پیر اور منگل کی درمیانی شب روانہ ہوا۔ قبل ازیں امریکی صدر جو بائیڈن نے آج منگل اکتیس اگست امریکی فوج کے انخلا کے لیے آخری تاریخ مقرر کی تھی۔ افغان طالبان امریکی دستوں کی مکمل واپسی کا جشن منا رہے ہیں۔ طالبان کے ایک ترجمان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اب افغانستان مکمل طور پر آزاد ہو گیا ہے۔

Comments