سعودی عرب: ہوائی اڈے پر ڈرون حملے میں آٹھ افراد زخمی، مقامی میڈیا

سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے جنوبی مغربی علاقے میں واقع ابھا کے ہوائی اڈے کو آج بروز منگل بارودی مواد سے لدے ہوئے ایک ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اس ڈرون حملے کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے اور ایک سویلین ہوائی جہاز کو نقصان پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ابھا ایئر پورٹ پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ پہلے حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔ یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی سربراہی میں برسرپیکار عسکری اتحاد کی جانب سے اس حملے کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ تاہم یہ کہا گیا کہ اس مسلح ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔ اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔

Comments