سوات(سپاٹ سٹوری): خدمات تک رسائی کمیشن کی ضلعی جائزہ کمیٹی کا سہ ماہی اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات ریاض علی خان نے کی۔ اجلاس میں ضلعی سطح پر خدمات کی فراہمی اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اے ڈی سی سوات ریاض علی خان نے بعض محکموں کی جانب سے کارکردگی رپورٹ بروقت فراہم نہ کرنے پر انتباہ جاری کیا۔ ریاض علی خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خدمات تک رسائی قانون کے تحت بروقت خدمات کی فراہمی متعلقہ محکموں کی زمہ داری ہے اور متعلقہ محکمے اس سلسلے میں مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی خدمات بروقت سر انجام دیں۔ اجلاس کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سوات عمران خان نے سہ ماہی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ خدمات تک رسائی قانون کے تحت کمیشن نے کل 41 خدمات کو ضروری خدمات تصور کرتے ہوئے نوٹیفائی کی ہیں۔ عوامی خدمات میں 10 خدمات ضلعی انتظامیہ، پانچ محکمہ پولیس، تین محکمہ ٹرانسپورٹ، دو محکمہ جنگلات، آٹھ محکمہ بلدیات، چھہ محکمہ زکوۃ، دو محکمہ صحت، دو محکمہ تعلیم اور تین محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے متعلق ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سہ ماہ میں محکمہ پولیس کی کارکردگی سب سے بہترین رہی اور تمام خدمات بروقت پہنچائی گئیں۔ اسی طرح محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور محکمہ صحت،تعلیم و زکوٰۃ نے بھی خدمات مقررہ وقت میں سر انجام دیں۔ جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے تحت ضروری خدمات تاخیر کا شکار ہوئے۔ مجموعی طور پر 18.93 فیصد خدمات تاخیر سے مکمل ہوئیں اور 81.63 فیصد خدمات مقررہ وقت پر سرانجام دئے گئے۔ عوام نے پچھلے سہ ماہی میں 16863 خدمات کے لئے مختلف محکموں سے رجوع کیا۔
Comments
Post a Comment