اسکولوں میں سہولیات بہتر بنانے کے لئے سروے کا آغاز کیا جائے، چیئرمین ڈیڈیک سوات


سوات(سپاٹ سٹوری): چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیرِ صدارت ضلع سوات کے سرکاری اسکولوں کا جائزہ اجلاس ڈیڈیک آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سوات فضل خالق نے ضلع بھر میں تعلیمی سرگرمیوں اور سکولوں میں سہولیات کی کمی بیشی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ضلعی محکمہ تعلیم کے دیگر آفیسر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ تعلیمی ڈھانچے میں کمی ہر صورت پوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اس سلسلے میں تمام سکولوں میں سہولیات کا جائزہ لے اور مکمل رپورٹ پیش کرے تاکہ کمی بیشی پوری کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو وہ اس سلسلے میں وزیراعلی محمود خان سے ملاقات کریں گے اور رپورٹ ان کے سامنے رکھی جائے گی۔ اجلاس میں ڈیڈیک چیئرمین کا کہنا تھا کہ سکولوں میں سہولیات فراہم کئے بغیر تعلیمی ماحول میں بہتری مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں سکولوں پر خصوصی نظر ڈالی جائے اور وہاں سہولیات پہلے مہیا کئے جائیں۔

Comments