کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس،انسداد پولیو مہم کے لئے تیاریوں اور کورونا ویکسینیشن کا جائزہ لیا گیا۔
سوات(سپاٹ سٹوری): ملاکنڈ ڈویژن میں قومی انسداد پولیو مہم انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر السلام کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں آنے والے انسدادِ پولیو مہم کے لئے کئے گئے اقدامات، پچھلی انسدادِ پولیو مہم میں اضلاع و پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور انسدادِ کورونا مہم اور اضلاع میں کووڈ ویکسینیشن میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز و متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ایریا کوارڈینیٹر ملاکنڈ ڈویژن ڈاکٹر خواجہ عرفان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ پولیو جیسے خطرناک وائرس کو کنٹرول کرنے اور اس کے خاتمے کے لئے محکمہ صحت کی ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ نے بھرپور کردار ادا کیا ہے، دو سالوں میں ملاکنڈ ڈویژن میں کوئی بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا اور پولیو فری ہونے کے لئے تیسرے اور اہم سال میں داخل ہوچکے ہیں۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ صحت کی ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ ان بچوں پر توجہ مرکوز رکھیں جو موسم سرما اور گرما کے دوران سوات ضلع میں اور ضلع سے دیگر اضلاع منتقل ہوجاتے ہیں۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے ایسے خاندانوں کا ریکارڈ مرتب کرنے اور ان کی ویکسینیشن کا ریکارڈ جمع کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن سے رہ جانے والے بچے وائرس کی دوبارہ منتقلی کا سبب بن سکتے ہیں اور ایسے میں کڑی نگرانی کی ضرورت ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملاکنڈ اضلاع میں پچھلی دو مہمات میں اضلاع کی کارکردگی کوریج کے حوالے سے 99 فیصد سے زائد رہی۔ اسی طرح پچھلی مہم میں معیار کا تناسب 80 فیصد سے زائد رہا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں پولیو وائرس کی موجودگی بھی صفر ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ انسدادِ پولیو کی قومی مہم 28 فروری سے شروع ہوگی جو کہ 4 مارچ تک جاری رہے گی۔
Comments
Post a Comment