بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سوات محمد ندیم کی زیرِ صدارت اجلاس میں سوات میں تیاریوں کا جائزہ
سوات(سپاٹ سٹوری): سوات میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس الیکشن کمیشن آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ریجنل الیکشن کمشنر ملاکنڈ ڈویژن/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سوات محمد ندیم خان نے کی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریجنل انفارمیشن افس کے حکام شریک ہوئے۔ ضلعی انتظامیہ اور سوات پولیس نے الیکشن سے متعلق تیاریوں اور انتظامی و سیکورٹی امور کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے ضلع سوات میں ریٹرننگ افسران نے کام کا آغاز کردیا ہے اور کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تقریباً 12000 پولنگ سٹاف الیکشن ڈیوٹی سر انجام دے گا، جنکی تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ریٹرننگ افسران کی سیکورٹی کے لئے بھی انتظامات کرلئے گئے ہیں جبکہ پولنگ سٹیشنز کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کر کے حساس پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کا کہنا تھا کہ الیکشن کے ضابطہ کار سے متعلق آگاہی کی بھی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں کو متحرک کرنے کے لئے بھی نشست کا اہتمام کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا میں غیر مستند خبروں کی روک تھام کے لئے بھی لائحہ عمل ترتیب دیا جارہا ہے اور مستند معلومات کے حصول کے لئے سوات کے صحافیوں کے لئے بھی نشست کا اہتمام کیا جائے گا۔
Comments
Post a Comment