فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی سوات کی جانب سے فوڈ سیفٹی تربیتی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔

سوات(سپاٹ سٹوری): فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی سوات نے فوڈ انڈسٹری سے وابستہ کاروباری اور دیگر افراد کے لئے فوڈ سیفٹی سٹینڈرڈز پر مبنی تربیتی کورس کا آغاز کیا ہے۔ تربیت کا مقصد خوراکی مصنوعات اور تیاری کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ڈھالنا ہے تاکہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ اس سلسلے میں ایک نجی ہوٹل میں ہوٹل ریسٹورنٹ میں کام کرنے والے باورچیوں اور پیزا بنانے والے کاریگروں کے لئے فوڈ سیفٹی لیول ون ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ ٹریننگ میں خوراک کی تیاری اور پیشکش سے منسلک افراد نے شرکت کی اور فوڈ سیفٹی سٹینڈرڈز پر تربیت حاصل کی۔ فوڈ سیفٹی ماہرین نے شرکاء کو خوراک کی تیاری میں بروئے کار لائے جانے والے سیفٹی سٹینڈرڈز پر مفصل تربیت دی۔ ریجنل ڈایریکٹر فوڈ اتھارٹی اسد قاسم کا فوڈ اتھارٹی کی اس کاوش سے متعلق کہنا تھا کہ فوڈسیفٹی ایکٹ کے تحت خوراک سے وابستہ تمام افراد کیلیے فوڈسیفٹی ٹریننگ لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ ان افراد کوفوڈسیفٹی کی مکمل آگاہی ہو اور خوراک کی تیاری مکمل حفظان صحت کے اصولوں کے تحت انجام پائے۔

Comments