پشاور کی امام بار گاہ میں دھماکا،30 افراد شہید 50 سے زائد زخمی

 پشاور(سپاٹ سٹوری): پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار میں نماز جمعہ کے دوران امام بار گاہ میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے سے 30 افراد شہید، جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 30 افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکا کوچہ رسالدار کے علاقے میں قائم جامع مسجد میں ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا نمازِجمعہ کے دوران ہوا۔ دھماکے کے وقت جامع مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ خودکش حملے میں امام ارشاد خلیلی کے شہید ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے، ریسیکیو ٹیمیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قبل نامعلوم افراد کی جانب سے علاقے میں اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی۔ دھماکے میں زخمی افراد کو فوری طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔ جائے وقوع پر موجود پولیس حکام نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، سی سی پی او کے مطابق جامع مسجد میں 2 حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے انہیں روکا تو حملہ آوروں نے پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کردی۔ حملہ آورپولیس اہلکاروں پرفائرنگ کے بعد مسجد میں داخل ہوئے۔

Comments