مالم جبہ میں دو روزہ سکی اور سنو بورڈنگ مقابلے کامیابی سے اختتام پذیر

سوات(سپاٹ سٹوری): مالم جبہ سکی ریزورٹ میں منعقدہ دو روزہ سکی اور سنو بورڈنگ مقابلے کامیابی سے اختتام پذیر ہوئے ۔خواتین کے ریڈبل ہوم رن سنو بورڈنگ کے مقابلوں میں سوات سے تعلق رکھنے والی عذرا بی بی نے پہلی، عائشہ اکمل نے دوسری جبکہ اقراء نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مردوں کے سنو بورڈنگ کے مقابلوں میں علی حسنین نے پہلی، جبران عزیز نے دوسری جبکہ عمیس حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مردوں کے سکی مقابلوں میں نور عالم شاہ نے پہلی، شیر گیلانی نے دوسری جبکہ اعزاز علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ کے پہلے روزمردوں اور خواتین کے سکی اور سنوبورڈنگ کے مقابلے منعقد ہوئے تھے جس میں خواتین کے سنوبورڈنگ مقابلوں میں عائشہ اکمل نے پہلی، عذرا بی بی نے دوسری جبکہ تالیہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سکی کے انڈر18 مقابلوں میں محمد زبیر نے پہلی، نورعالم نے دوسری جبکہ حضرت عمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 18 پلس عمر کے مقابلوں میں ذاکر حسین نے پہلی، فیض علی نے دوسری جبکہ محمد صادق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔مردوں کے سنو بورڈنگ کے مقابلوں میں علی حسنین نے پہلی، وکیل احمد نے دوسری جبکہ عدیل حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ میں سیاحوں، کھلاڑیوں اور شرکاء کیلئے روایتی رباب موسیقی کا تڑکا بھی رکھا گیا تھا جس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔ ریڈبل ہوم رن ایونٹ میں 70 سے زائد مردوخواتین اتھلیٹس شریک ہوئے۔

Comments