ووٹ ایک قومی فریضہ ہے، ووٹرز پرامن ماحول میں قومی فریضہ انجام دیں، ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر سوات محمد ندیم خان
سوات(سپاٹ سٹوری): ریجنل الیکشن کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سوات محمد ندیم خان نے کہا ہے کہ سوات بھر میں پرامن انتخابات کے لئے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز پرامن ماحول میں قومی فریضہ انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی وہ خود نگرانی کررہے ہیں اور اس سلسلے میں سیدوشریف میں الیکشن آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں الیکشن کے آغاز سے نتائج تک تمام مراحل کی نگرانی کی جارہی ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، تمام پولنگ سٹیشنز پر پولیس تعینات ہیں اور پولنگ سٹیشنز پر مانیٹرنگ کمرے نصب کردیے گئے ہیں اور حساس پولنگ سٹیشنز کی کیمروں کے ذریعے بھی خصوصی نگرانی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فون نمبر 0946729259 کا بھی اجراء کیا ہے جس پر کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے متعلق شکایات کی جاسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدوشریف میں الیکشن آفس میں الیکشن ڈے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکیورٹی اور انتظامی امور سے متعلق افسران نے شرکت کی۔ ریجنل الیکشن کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سوات محمد ندیم کا کہنا تھا کہ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ضابطہ اخلاق کی بجاآوری کے لئے بھی مانیٹرنگ ٹیمیں ڈیوٹی پر معمور کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ڈے اور بعد میں غیر مستند اور غلط معلومات کی روک تھام کے لئے بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹرز اور امیدواران غیر مستند ذرائعوں سے نشر کی گئی خبروں کی تشہیر سے گریز کریں۔
Comments
Post a Comment