پرامن انتخابات کے لئے فل پروف سیکیورٹی انتظامات کئے ہیں، فیلڈ ٹیموں اور موبائل ایپ سے پولنگ کی نگرانی کی جارہی ہے، حساس پولنگ سٹیشنوں کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت

سوات(سپاٹ سٹوری): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت کا کہنا ہے کہ سوات پولیس نے پرامن اور شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے فل پروف سیکیورٹی انتظامات کئے ہیں، سیکیورٹی کے لئے ڈسٹرکٹ پولیس، ایف آر پی، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، لیڈیز پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ  اور ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ کے اہلکار خدمات انجام دیں گے، ضلع سوات کے 993پولنگ سٹیشن پر9ہزار 579پولیس جوانان سیکورٹی کے لئے تعینات ہوں گے، 182اہم حساس پولنگ سٹیشن پر1500سے زائد نفری تعینات کئے گئے ہیں، الیکشن مانیٹرنگ کے لئے انڈرائیڈ موبائل اپلی کیشن سے استفادہ کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتظامات کے حتمی جائزے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی پی او نے عوام سے بھی پرامن انتخابات کے انعقاد میں پولیس فورس سے تعاون جاری رکھنے اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی ہے۔  ڈی پی اُو سوات زاہد نواز مروت نے ایس پیز، ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اہم حساس پولنگ سٹیشن کی خود نگرانی کریں اور الیکشن والے دن الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے،اسلحہ نمائش، ہوائی فائرنگ اور اشتعال انگریز تقریر و نعرے بازی و دیگر پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں کی جائے۔ مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشنز میں غیر متعلقہ اشخاص کا داخلہ ممنوع ہوگا اور سیکیورٹی چیکنگ لازمی ہوگی جس کے لئے پولیس کو پروفشنلزم کا مظاہرہ کرنے اور عوام سے تعاون کی ضرورت ہے۔

Comments