قدرتی جنگلات کا تحفظ مشن ہے، ایک بھی قدرتی درخت کاٹا گیا تو متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی ہوگی، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی
سوات(سپاٹ سٹوری): محکمہ جنگلات سے متعلق ایک اہم اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کی۔ اجلاس میں چیف کنزرویٹر، کنزرویشن آفیسرز، ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسرز و دیگر حکام نے شرکت کی۔ چیف کنزرویٹر مقتدا شاہ کی جانب سے اجلاس کو جنگلات کے تحفظ اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں جنگلات کے تحفظ سے متعلق کارکردگی و مسائل زیر بحث آئے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں، جنگلات کی کٹائی کرنے اور نقصان پہنچانے والا قوم کا دشمن ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ یہ جنگلات ہی ہیں جس کی وجہ سے ملاکنڈ ڈویژن کو منفرد حیثیت حاصل ہے اور سیاح حسین وادیوں کا رخ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جنگلات سے علاقے میں قدرتی تنوع کو فروغ ملتا ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مظمر اثرات جیسے سیلاب وغیرہ کو روکا جاسکتا ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ جنگلات کی کٹائی کو ہر صورت روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیار کے جنگلات کو ہر صورت بچایا جائے گا اور اس سلسلے میں محکمہ جنگلات کا اہم کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ محکمہ جنگلات کو ہر قسم کا تعاون فراہم کریں گے جبکہ کوتاہی پر متعلقہ آفیسرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے محکمہ کو مافیا کے خلاف بلاامتیاز و بلاخوف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ایک تجویز پر محکمہ کو موٹر ویز پر بھی نگرانی سخت کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں جنگلات میں اگ لگنے کے واقعات کو بھی زیر بحث لایا گیا جس پر کمشنر نے مزید اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کنزرویشن کو مزید بہتر اور سخت کرنے کے لئے نئے بھرتیوں پر بھی کام جاری ہے.
Comments
Post a Comment