منشیات کے خلاف مشن کے طور پر کام کررہے ہیں، عوام کا تعاون جاری رہا تو مینگورہ کو منشیات سے پاک کریں گے، ڈی ایس پی مینگورہ سٹی
سوات(سپاٹ سٹوری): ڈی ایس پی مینگورہ سٹی بادشاہ حضرت خان نے کہا ہے کہ مینگورہ اور ملحقہ علاقوں میں لوگوں کو پرامن اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنے کیلئے پولیس فورس پوری طرح کوشاں ہے، شہری جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے تعاون جاری رکھیں، کوئی بھی معاشرہ عوام کے تعاؤن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، مینگورہ پولیس سٹیشن کو جدید سہولیات سے آراستہ کردیا گیا ہے جس میں کمپیوٹرائزڈ ایف آئی آر کا اندراج بروقت ہونے سے لوگوں کو ون ونڈو کے تحت تمام سہولیات منٹوں میں حاصل ہورہی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98سوات کے پروگرام ”حال احوال“ میں میزبان فضل خالق کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سامعین کے ٹیلیفونک سوالات کے جوابات بھی دئے۔ انہوں نے کہا کہ سوات ایک سیاحتی زون ہے جس کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر سیاحوں کی روپ میں یہاں آکر مختلف قسم کی جرائم کی کوشش کرتے ہیں لیکن سوات پولیس کے جوان بھی پوری طرح مستعد ہیں اور حالیہ دنوں میں بین الصوبائی گروہ کے کئی کارندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ معاشرے میں نشہ آور اشیاء پھیلانے والوں کی نشان دہی کریں تاکہ مجرموں کے خلاف بروقت کارروائی کی جائے۔ شہریوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اپنے گھروں کو کبھی بھی خالی نہیں چھوڑیں اور جائیداد کرایہ پر دینے سے پہلے چھان بین ضرورکریں تاکہ بعد میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Comments
Post a Comment