سوات میں لمپی سکن کے 29 کیسز رپورٹ، عوام قربانی کے لئے جانور خریدتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنائیں، ڈاکٹر سربلند خان

سوات (سپاٹ سٹوری): سینئر ویٹرنری آفیسر سوات ڈاکٹر سردار علی کا کہنا ہے کہ سوات بھر میں کانگو وائرس اور لمپی سکن کے سد باب کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں، دیگر اضلاع سے جانوروں کی ضلع سوات میں داخلے اور نقل و حمل کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے، 10 چیک پوسٹوں اور دو موبائل یونٹس کے ذریعے ویکسین لگانے اور نگرانی کا عمل جاری ہے، 9833 جانوروں کو اینٹی ٹکس سپرے سے گزارا گیا ہے، اسی طرح 2490 سپاٹس پر مال بردار گاڑیوں اور علاقوں کو بھی سپرے کیا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر سردار علی کا کہنا ہے کہ عوامی آگاہی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے لئے 748 سیشنز منعقد کئے گئے ہیں۔ اعداوشمار بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضلع سوات میں لمپی سکن کے 29 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کانگو وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور اس تناظر میں 3600 جانوروں کو ویکسینیشن کے مرحلے سے گزارا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیک پوسٹوں کے علاوہ ڈور ٹو ڈور اور مویشی منڈیوں میں بھی سپرے و دیگر خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک ڈاکٹر سربلند خان نے لمپی سکن کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر عوام سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی کی آمد آمد ہے اور ایسے میں جانوروں کی دیکھ بھال اور خریدو فروخت میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر سر بلند خان کا کہنا تھا کہ عوام خریداری کرتے ہوئے جانوروں سے مناسب فاصلہ رکھیں اور چھونے کی صورت میں ہاتھوں کی صفائی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا مویشی منڈیوں میں بچوں کو لیجانے سے گریز کیا جائے۔

Comments