سوات جنگلات میں پے درپے آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ نے کھلی کچہری منعقد ہوئی

سوات(سپاٹ سٹوری): سوات کے جنگلات میں پے درپے آگ لگنے کے واقعات کے تدارک اور جنگلات کی حفاظت کے پیشِ نظر اقدامات کو مربوط طریقے سے آگے بڑھانے کے لئے ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک کھلی کچہری مینگورہ کے علاقے پٹھانی میں منعقد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامی آفیسرز، سوات پولیس حکام، محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف, سوات لیویز، ریسکیو 1122, سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے حکام شریک ہوئے۔ کھلی کچہری اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سہیل خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عامر، ڈی ایس پی مینگورہ سٹی بادشاہ حضرت و دیگر آفیسرز کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی بھرپورشریک کی۔ کھلی کچہری میں جا بجا جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات پر تفصیلی بحث کی گئی اور عوام کو احتیاطی تدابیر اور ریکی کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔ کھلی کچہری سے خطاب میں اے سی اصغر سورانی کا کہنا تھا کہ پے درپے واقعات نے جنگلات و جنگلی حیات کے ساتھ مقامی آبادی کے لئے سنگین خطرات کو جنم دیا ہے جس کی وجہ سے انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشیوں، جنگلی حیات اور قدرتی تنوع کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکموں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی بیدار رہنے کی ضرورت ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ جنگلات کے اردگرد گرد آباد آبادی پر اس سلسلے میں بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی شرکت سے ایسے واقعات کو روک کر قیمتی جنگلات کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ کھلی کچہری میں عوام نے مختلف سوالات کئے اور تجاویز بھی پیش کیں اور ضلعی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Comments